اسلام آباد : وفاقی بجٹ میں موبائل فون کالز، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پیکیجز مہنگے کر دیئے گئے ، آئی ٹی سروس کی برآمدات کو زیرو ریٹنگ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت نے کہا کہ 3 منٹ سے زائد جاری رہنے والی موبائل فون کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال، ایس ایم ایس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگائی جارہی ہے جس سے آبادی کے بڑے حصے پر ٹیکس نافذ ہوگا۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ٹی سروس کی برآمدات کو زیرو ریٹنگ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی کو بتایاکہ پھلوں کے رس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کردی گئی۔
قرآن پاک کی اشاعت کے لیے معیاری کاغذ کی درآمد پر بھی چھوٹ دے دی گئی۔ خود تلف ہونے والی سرنجز اور اذکسیجن سلنڈرز پر ٹیکس چھوٹ دے دی گئی۔
آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں موبائل فون اور ٹائر مہنگے کر دئیے۔ جمعہ کو وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ آئندہ بجٹ میں موبائل فون اور ٹائروں کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھائی جارہی ہے، برآمدات کے فروغ کیلئے خصوصی ایکسپورٹ اسکیم متعارف کروائی جارہی ہے جس کے تحت ایس ایم ایز و دیگر شعبے ڈیوٹی فری درآمدات کرسکیں گے جس کی میعادبھی دو سال سے بڑھا کر 5 سال کی جارہی ہے۔