کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے نئے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پروفیسر امجد سراج میمن کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد آج 23 جون کو انہوں نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے آمد پر یونیورسٹی انتظامیہ اور تدریسی و غیر تدریسی عملے نے پھول نچھاور کرکے پروفیسر امجد سراج کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ جے ایس ایم یو کے بانی وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے مبارکباد پیش کی۔
اس موقعے پر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے نئے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا اور متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔ اس موقعے پر پروفیسر امجد سراج نے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر امجد سراج میمن سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے دوسرے وائس چانسلر ہیں جو اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کے تینوں امیدواروں کے انٹرویوز کرکے حتمی فیصلے کیلئے معاملہ کابینہ کو بھیج دیا تھا۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے تقرر کیلئے ڈاکٹر لبنیٰ موزوں ترین امیدوار کے طور پر سامنے آئیں، تاہم حکومت سندھ کی جانب سے شرجیل انعام میمن اور سبحان میمن کے عزیز اور میرٹ لسٹ میں دوسرے نمبر پر آنے والے امجد سراج میمن کو وائس چانسلر تعینات کرنے کے امکانات زیادہ نظر آئے۔
مزید پڑھیں: جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر کے تقرر کاحتمی فیصلہ کابینہ کرے گی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








