ملک بھر میں گیس کے شدید بحران کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز بند کردئیے گئے، شہریوں کو ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز 5 جولائی تک بند رہیں گے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کنٹر پساکھی گیس فیلڈ کی بندش کے باعث 160ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی قلت ہے۔
گیس کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سی این جی اور صنعتی شعبے کو گیس کی سپلائی پہلے ہی معطل کردی گئی تھی جبکہ سندھ میں سی این جی اسٹیشنز 5جولائی کی صبح8بجے تک بند رہیں گے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی مزید 6 روز بند رہے گی۔ سی این جی اسٹیشنز بند ہونے کے باعث عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹرانسپورٹ مافیا نے عوام سے من مانے کرایوں کی وصولی شروع کردی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی سی) نے مختلف صنعتی شعبہ جات کو 5 جولائی تک گیس کی سپلائی بند کردی، جس سے صنعتی شعبے میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا۔
ایس این جی سی نے یہ اقدام گیس کی قلت کے پیشِ نظر اٹھایا، مختلف صنعتی شعبہ جات کو آج شب 12 بجے سے 5 جولائی تک گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔آئندہ 6 روز تک صنعتیں گیس کی سپلائی سے محروم رہیں گی۔
اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی طرف سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق ان ایکسپورٹ انڈسٹری، سی این جی اور سیمنٹ سیکٹر کو گیس کی فراہمی 5 جولائی تک بند کردی گئی۔
مزید پڑھیں: مختلف شعبہ جات کو 5 جولائی تک گیس کی سپلائی بند کردی گئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








