کراچی:آل کراچی ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے ریسٹورنٹس مکمل کھولنے کی خوشی میں ہائی وے پر شانداد آتشبازی کا مظاہرہ کیاگیا۔
آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن(ایکرا)کے چیئرمین اسد حنیف نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹ مالکان اپنے ریسٹورنٹ کو کھلوانے نہیں بلکہ اپنے ملازمین کے روزگار کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے میدان میں اترے تھے۔
ہم نے ہر دروازے پر دستک دی جہاں سے کامیابی کی امید تھی، یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ہماری بات کو تسلیم کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کھولنے کا اعلان کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کباب جی ریسٹورنٹ سپر ہائی وے پرآل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر شہر کی معروف کاروباری شخصیات جن میں آباد کے چیئرمین فیاض الیاس، کراچی چیمبر میں پولیس لائزن کمیٹی کے سربراہ حفیظ عزیز، کراچی الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان، ریحان ہاشمی ،میرج لان ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس احمد، کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر فراز الرحمن، جے ڈی سی کے سیکریٹری جنرل ظفر عباس اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔
آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری فیضاان راوت نے کہا کہ16ماہ قبل حکومت کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن سے کراچی کے ساڑھے 3 ہزار کے قریب ریسٹورنٹ بھی بند ہونے سے ساڑے 3لاکھ لوگ بھی بے روزگار ہوگئے، جن کا روزگار ریسٹورنٹ کے کھلنے سے زیادہ ضروری تھا اور اسی نیت کے ساتھ ہم آگے بڑھے اور ہمیں زبردست کامیابی حاصل ہوئی۔
فیضان راوت نے کہا کہ کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے جہاں کی آبادی 3 کروڑ کے قریب ہے یہاں لوگوں کی سب سے بڑی تفریح اپنے فیملی کے ہمراہ ریسٹورنٹ میں کھانا کھانا ہے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہریوں کی یہ تفریح بھی ختم ہوگئی جس کی وجہ سے لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹ مالکان پورے ملک کا درد ہے ، ہم لوگوں کو بلاکسی تفریق کے روزگار دیتے ہیں اور ہر صوبے کے لوگ کام کرتے ہیں لیکن افسوس کہ جب ہم تکلیف میں تھے تو ہمارا درد رکھنے والا کوئی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوئی سیاسی لوگ نہیں ہیں، ہمارا کام تجارت کرنا ہے لیکن جن لوگوں نے کراچی کے نام کا ووٹ لیا انہوں نے بھی ہماری مشکلات میں ساتھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور سعید غنی کا شکریہ ادا کرتے ہیںکہ انہوں نے اس مشکل وقت میں ہمارے مطالبات کو تسلیم اور اسے حل کیا۔