راولپنڈی :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ کسی ٹیکسی میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا،حکومت پاکستان کیس سے پیچھے نہیں ہٹے گی، افغان بیٹی کی درخواست اور ہماری تفتیش میں زمین آسمان کا فرق ہے، کسی ٹیکسی میں کوئی آدمی نہیں بیٹھا ،یہ اغواء کا کیس نہیں ۔
منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی 700 سے زائد گھنٹے کی فوٹیج دیکھی، 200 سے زیادہ ٹیکسیوں کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد ان چار ٹیکسیوں اور ان کے مالکان تک پہنچے ہیں تاہم ہمیں افسوس ہے کہ ہے ہماری اتنی کوشش کے باوجود وہ خود یہاں سے چلی گئی ہیں البتہ ہم نے مقدمہ کیا ہے اور ریاست پاکستان یہ مقدمہ لڑے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت پاکستان اس کیس سے پیچھے نہیں ہٹے گی حالانکہ ان کی درخواست اور ہماری تفتیش میں زمین آسمان کا فرق ہے، کسی ٹیکسی میں کوئی آدمی نہیں بیٹھا اور ہماری تفتیش کے مطابق یہ اغواء کا کیس نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سفیر کی بیٹی کی نقل و حرکت کی تمام فوٹیج دفتر خارجہ کو دے دی ہے،دفتر خارجہ چاہئے تو اس فوٹیج کو سفیروں اور میڈیا کو دے سکتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ افغان سفیر کی بیٹی نے فون دیا لیکن تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے دیا ،ڈپلومیٹک انکلیو کو خاص سیکورٹی زون بنانے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے افغان سفیر کی بیٹی کے واقعے کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں ،ہم افغان سفیر کی بیٹی کے تحقیقات میں شامل ہونے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بارڈر مینجمنٹ محفوظ ہے نوے فیصد باڑ لگ چکی ہے،سرحد پر فوج اور پیچھے سول ادارے تعینات ہیں ،افغانستان کا مسئلہ افغانستان جانے ہم اپنی حفاظت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل، بھارت ہمارے ملک میں دستانے پہنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک پر غیر اعلانیہ ہائبرڈ جنگ شروع ہے ،ہائی برڈ جنگ آنے والے دنوں میں مزید تیز ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ بھارت اور اسرائیل ابھرتا ہوا عمران خان دیکھنا نہیں چاہتی۔
مزید پڑھیں:ایف اے ٹی ایف، بھارت کا پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف، وزیرخارجہ کی شدید مذمت
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








