راولپنڈی: آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے آئندہ 5 سال کے لئے ہونے والے انتخابات کے لئے پولنگ کل ہو گی۔ وفاقی دالحکومت اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی ڈویژن میں رہائش پذیر 44 ہزار 900 مہاجرین بھی وادی کی 2 اور جموں کی ایک نشست پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق تینوں حلقوں میں مجموعی طور پر مسلم لیگ ن، پی پی پی،پی ٹی آئی،مسلم کانفرنس اور آزاد حیثیت سے 34امیدوار میدان میں ہیں راولپنڈی میں آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے مجموعی طور پر97 پولنگ سٹیشن قائم کرنے کے ساتھ الیکشن میں امن عامہ کو یقینی بنانے اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے کے لئے 1500 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ پاک فوج و رینجرز کے دستے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے الرٹ ہونگے۔
تمام انتخابی میٹریل متعلقہ عملے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولنگ کے دوران اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے 3 حلقوں حلقہ ایل اے 43 ویلی 4، حلقہ ایل اے 44 ویلی 5 اور حلقہ ایل اے 45 جموں 6 شامل ہیں، حلقہ ایل اے 43 ویلی 4 میں کل 8 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے جاوید بٹ، مسلم لیگ ن کی نسیمہ وانی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حمزہ مجید نظامی سمیت مختلف جماعتوں کے8 امیدوار میدان میں ہیں۔
مذکورہ حلقے میں 1135 خواتین ووٹروں سمیت رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد 2457 ہے، حلقہ ایل اے 44 ویلی 5 میں پولنگ سٹیشنوں کی کل تعداد 27 ہے جبکہ 2964 خواتین ووٹروں سمیت رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 6340 ہے اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کے بشیر احمد خان مسلم کانفرنس کی مہرالنساء، مسلم لیگ ن کے محمد احمد رضا قادری، پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد ارشد اسلام سمیت 13 امیدوار میدان میں ہیں۔
حلقہ ایل اے 45 جموں 6 میں 16906 خواتین سمیت رجسٹرڈووٹروں کی کل تعداد 36455 ہے،جن کے لئے 147 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کی نازیہ نیاز، پاکستان مسلم لیگ ن کے راجہ محمد صدیق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چودھری فخر زمان سمیت 13 امیدوار میدان میں ہیں۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں مہاجرین کی 3نشستیں روات،گوجر خان سے لیکر راجہ بازار، باغ سرداراں، اڈیالہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، کھنّہ روڑ، راولپنڈی کینٹ، کہوٹہ، کلر سیداں، جی سِکس اسلام آباد، بارہ کہو، کھنّہ، نیو شکریال، سید پور روڑ، ڈھوک حسُو، گارڑن کالج، مری روڑ، اسکیم تھری، چکلالہ کینٹ، چک بیلی، چکری، ادوال، چونترہ،جی نائن، کھنّہ ڈاک اور مری کے علاقوں پر مشتمل ہیں پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پنجاب و اسلام آباد پولیس کے 1500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ پاک فوج و رینجرز کے دستے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے الرٹ ہونگے۔
پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی دریں اثنا گزشتہ روزسی پی او راولپنڈی اور ریٹرننگ افسران نے آزاد کشمیر الیکشن میٹر یل گارڈن کالج میں متعلقہ افسران کے حوالے کرنے کے ساتھ الیکشن کا ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے وضع کردہ قوانین اور ضابطوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گاگزشتہ روز انتخابی میٹریل حوالے کرنے کے موقع پرسی پی او راولپنڈی محمدا حسن یونس اور ریٹرننگ افسران کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز، ایس پی سیکورٹی، ایس پی سی آئی اے، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور تمام نفری موجود تھی سی پی او نے تمام افسران اور نفری کو الیکشن کے ضابطہ اخلاق اور قواعد و ضوابط پر موثر عمل درآمد کی ہدایات دیں۔
سی پی او نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وضع کردہ قوانین اور ضابطوں پر الیکشن سے پہلے، الیکشن کے دوران اور الیکشن اوقات کے بعد ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے گا،الیکشن کے لئے پر امن اور سازگار فضا قائم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سینئر افسران اپنے علاقے میں تمام الیکشن پراسس کو مانیٹر کرینگے۔