اسلام آباد: وزیر اعظم نے خالد منصور کو معاونِ خصوصی برائے سی پیک امور کر دیا ہے جو چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
اپنی تعیناتی سے متعلق نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے نئے معاونِ خصوصی خالد منصور نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔
عمران خان کی طرف سے معاونِ خصوصی مقرر کیے جانے پر خالد منصور نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وفاقی حکومت سے سی پیک معاملات پر اپنی ٹیم بنانے کا موقع فراہم کرنے کا کہا ہے۔
اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے متعلق معاونِ خصوصی برائے سی پیک امور نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب سابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی معاونِ خصوصی خالد منصور کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک اچھے ادارے میں کام کا موقع میسر آیا۔
سابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر عملدرآمد کی راہ متعین ہوچکی ہے۔ دُعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ خالد منصور کا حامی و ناصر ہو۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل چیئرمین سی پیک اتھارٹی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، مستعفی ہونے سے متعلق اپنے پیغام میں چیئرمین سی پیک نے اہم ادارے کو چلانے کا موقع دینے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر گزار ہوں، جس نے سی پیک جیسے اہم ادارے کو چلانے کا موقع دیا۔
مزید پڑھیں: چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ عہدے سے مستعفی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








