اسلام آباد: چیئرمین نادرا طارق ملک نے نادرا دفاتر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہونے پر سخت نوٹس لے لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں نادرا سینٹرز میں فوری پر جراثیم کش اسپرے کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے۔ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے فوری اجراء کے لئے نادرا نے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔
چیئرمین نادرا طارق ملک نے فوری احتیاطی اقدامات لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹاف اور عوام الناس کو ہر ممکن حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ اس موذی مرض سے محفوظ رہا جاسکے۔
طارق ملک کا کہنا ہے کہ سائلین کو نادرا دفاتر آنے کیلئے احتیاطی تدابیر کو لازمی اختیار کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ نادرا کا تمام سینٹرز پر آنے والے افراد کو تھرموگن سے اسکریننگ کے عمل سے گزارا جائے۔
سماجی فاصلوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے سائلین کو ایک دوسرے سے کم از کم ایک میٹر کے فاصلے پر کھڑا کیا جائے۔ نادرا دفاتر کے اندر اور باہر ایک میٹر کی نشاندہی کے لیے نشان کندہ کیے جائیں۔
چیئرمین نادرا کا کہنا ہے کہ تمام سائلین اور ان کے ساتھ تصدیق کنندہ کو ماسک کے بغیر نادرا دفاتر میں اندر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دفتر داخل ہونے سے پہلے ہاتھوں پر سینیٹائیزر کا استعمال لازمی کیا جائے۔
چیئرمین نادرا کی ہدایت کے مطابق دفاتر میں ہر رجسٹریشن عمل کے بعد انگھوٹوں کے نشانات لینے والی مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے۔
انہوں نے شہریوں کو نادرا دفاتر پر رش سے بچیں، کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے آن لائن حاصل کرنے یا قریبی نادرا کے ای سہولت مراکز سے لینے کی درخواست کی ہے۔
چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 688 نادرا دفاتر کے ساتھ ساتھ 5900 ای سہولت مراکز اور 250 موبائل رجسٹریشن گاڑیوں کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔