اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت مختلف اسکیموں کی مد میں 3 سے 5 سال کے لیے 1600 ارب روپے کے قرضے جاری کرے گی۔ شفافیت کے لیے یہ قرضے احساس پروگرام کے این ایس ای آر میں رجسٹرڈ افراد کو دیے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے وزارت خزانہ میں ملاقات کے لیے آئی وزیر اعظم کی معاون خصوصی تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ریلیف اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے پروگرام کی کامیابی کی لیے بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کا مقصد پسے ہوئے طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، پروگرام کے تحت 3 سے 5 سال میں 1600 ارب کے قرضے مختلف اسکیموں کے لیے دیئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔