اسلام آباد: پی آئی اے کا خصوصی طیارہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پھنسے شہریوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گیا ہےجس پر قومی ائیر لائن انتظامیہ نے خوشی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن کا طیارہ آج صبح 7 بجے افغان دارالحکومت سے شہرِ اقتدار اسلام آباد کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر پہنچا۔ طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد پہلی بار پی آئی اے کی پرواز مسافروں کو وطن واپس لانے میں کامیاب رہی۔
ترجمان قومی ائیر لائن کا کہنا ہے کہ پرواز کے متعلق معلومات تک سیکیورٹی وجوہات کے باعث محدود رسائی کی اجازت دی گئی۔ پی آئی اے انتظامیہ خصوصی طیارے کی پرواز کے دوران طالبان حکومت، سی اے اے اور نیٹو کے ساتھ رابطے میں تھی۔
قومی ائیر لائن کے ترجمان نے کہا کہ کابل ائیرپورٹ سے پاکستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سفارتی مشنز اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ کابل میں موجود زمینی عملے نے مسافروں کی ائیرپورٹ تک رسائی کے انتظامات کیے تھے۔
اس موقعے پر پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک نے مسافروں کو ریسکیو کرنے والی پی آئی اے کی پرواز پر موجود عملے کوخوش آمدید کہا اور مسافروں کو مبارکباد پیش کی۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیر لائنز پائلٹس ایسوسی ایشن نے بھی پی آئی اے کو مبارکباد دی۔
گزشتہ روز عالمی فیڈریشن آف ائیر لائنز پائلٹس ایسوسی ایشن نے کابل سے پی آئی اے کا طیارہ پاکستان لانے والے پائلٹس اور عملے کی بہادری کا اعتراف کر لیا۔ پالپا کے نام خط میں عالمی تنظیم نے کہا کہ کیپتن مقصود بجراین اور عملے نے مشکل حالات کا سامنا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عاشورۂ محرم، جلوسوں کیلئے فول پروف سیکیورٹی، ڈبل سواری پر پابندی عائد
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








