راولپنڈی: تھانہ کورال کے علاقہ موضع کورال میں چوری کی واردات کے دوران نامعلوم چور بیوہ کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، پرائز بانڈز اور دیگر اشیاء سمیٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کی بجائے بیوہ کو تھانے کے چکر لگوانا شروع کرا دیئے ہیں۔ موضع کورال پرائمری سرکاری سکول کے نزدیک رہائش پذیر بتول زہرہ نامی خاتون نے پولیس تھانہ کورال کو تحریری درخواست دیتے ہوئے کہاکہ میں مقامی اسکول میں پڑھاتی ہوں اور اپنی بیوہ والدہ اور بہن کے ہمراہ رہتی ہوں۔ ایک سال قبل میرے والد انتقال کر گئے تھے۔

5 ستمبر 2021ء کو میں اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ مجلس پر گئی۔ دن پونے تین بجے واپس لوٹی تو دیکھا مکان کے گیٹ پر لگا تالا کھولا گیٹ اندر سے لاک تھا۔ ہمارے شور شرابے پر اہل محلہ اکٹھے ہوگئے۔ چھت سے اندر جانے کی کوشش کی تو دیکھا چھت کا دروازہ بھی ٹیڑھا تھا۔ ہماری غیر موجودگی میں چور چھت کے راستے گھر میں داخل ہوا اور لاکھوں روپے مالیتی چھ تولے دو عدد سونے کے سیٹ، اڑھائی لاکھ روپے کیش، پرائز بانڈز اور دیگر اشیاء چوری کرکے لے گئے تھے۔
بتول زہرہ کا پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں شک ہے کہ یہ واردات عمران علی وغیرہ نے کی ہے جو ریکارڈ یافتہ ہیں۔ تاہم پولیس نے اس درخواست پر تاحال قانونی کارروائی کا آغاز نہیں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کے ڈرائیور کو مسافروں نے پشاور میں قتل کردیا، ملزمان گاڑی لے کر فرار ہوگئے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








