قومی احتساب بیورو (نیب) نے برطانیہ میں 6 کروڑ پاؤنڈ مارٹگیج فراڈ کیس میں بڑی کامیابی حاصل کر لی، عدالت نے برطانیہ میں فراڈ کرکے پاکستان آنے والے ملزمان کی جائیداد سے پابندی ہٹانے کی استدعا مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے برطانیہ میں 6 کروڑ مارٹگیج فراڈ کیس میں ملوث ملزمان کی جائیدادوں پر عائد کی گئی پابندی ہٹانے کی درخواست مسترد کردی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزم نثار افضل کی درخواست خارج کردی۔
احتساب عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نثار افضل کو نیب طلبی کا نیا نوٹس جاری ہوچکا ہے۔ مبینہ جرم بھی درج کرلیا گیا۔ نیب آرڈیننس کی شق نمبر 23 کے تحت جائیدادوں پر عائد کی گئی پابندی ہٹائی نہیں جاسکتی۔ پابندی برقرار رکھی جائے گی۔
نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے احتساب عدالت کے روبرو ملزمان کی درخواست خارج کرنے کی درخواست کی جو منظور کر لی گئی۔ نیب نے پہلے ہی نثار افضل اور صغیر افضل کے تمام اہلِ خانہ اور رشتہ داروں کے اثاثے منجمد کردئیے ہیں۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نثار افضل اربوں روپے کے اثاثے بنانے کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کرسکا۔ ملزمان کے خلاف نیب کا کیس مضبوط ہے۔ ملزمان برطانیہ سے فراڈ کرکے پاکستان آئے۔احتساب عدالت نے پابندی ہٹانے کی استدعا مسترد کردی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرگ ڈیلر کا کارندہ گرفتار، فروٹ بیگ سے 10 کلو چرس برآمد
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








