دبئی ایکسپو کا میلہ سج گیا، عالمی نمائش میں 190 سے زائد ممالک کی شرکت

تازہ ترین

تازہ ترین

دبئی ایکسپو کا میلہ سج گیا، عالمی نمائش میں 190 سے زائد ممالک کی شرکت
دبئی ایکسپو کا میلہ سج گیا، عالمی نمائش میں 190 سے زائد ممالک کی شرکت

مشرقِ وسطیٰ کی سب سے بڑی تجارتی نمائش دبئی ایکسپو کا آغاز آج سے ہوگیا ہے، عالمی نمائش میں 190 سے زائد ممالک حصہ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی ایکسپو کی شاندار افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ استحکام پذیر مستقبل کیلئے موسیقی کے تال میل سے اہم پیغامات بھی نشر کیے گئے۔

اطالوی گلوکارہ اینڈریا بوکیلی، برطانوی گلوکارہ ایلی گولڈنگ، چینی پیانو نواز لینگ لینگ اور سعودی گلوکار محمد عبدو نے دبئی ایکسپو کی افتتاحی تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

خطے میں سیر و سیاحت، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے دنیا بھر میں کم و بیش 2 کروڑ 50 لاکھ افراد کی توجہ دبئی ایکسپو کی طرف مبذول کرائی جارہی ہے جوآج شروع ہوگی۔

دبئی ایکسپو کیلئے کم و بیش 4 اعشاریہ 3 مربع کلومیٹر (1 اعشاریہ 7 مربع میل) کا صحرائی رقبہ مختص کیا گیا ہے۔ بہت سے ممالک اور کمپنیوں نے دبئی ایکسپو سے بڑی امیدیں وابستہ کرلیں۔

کورونا وائرس کے بعد سے دبئی ایکسپو کو دنیا کا سب سے بڑا کاروباری میلہ قرار دیا جارہا ہے جہاں آرٹس اور ثقافت، ٹیکنالوجی اور تعمیراتی شعبہ جات کے بینر تلے کاروباری سرگرمیاں ہوں گی۔

کورونا کے باعث سیر و سیاحت اور ایک ملک سے دیگر ممالک میں آمدورفت پر عائد پابندیوں کے باعث دبئی ایکسپو کے متعدد میلے آن لائن اسٹریمنگ پر دستیاب ہوں گے۔

فوٹو: رائٹرز

ڈائریکٹر ایکسپو 2020، دبئی ریم الہاشمی کا کہنا ہے کہ ہمیں بھرپور اعتماد ہے کہ کورونا وائرس کے دوران دبئی ایکسپو کا انعقاد مکمل ذمہ داری کے ساتھ ہوگا تاکہ وباء سے بچاؤ ممکن ہوسکے۔

متحدہ عرب امارات نے دبئی ایکسپو کے انعقاد کیلئے کورونا کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کردی تاہم فیس ماسکس کا استعمال اور 18 سال سے کم عمر افراد کی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستانی پویلین 110 اعشاریہ 2 ملین درہم کی لاگت سے ملک کے مخفی خزانوں کی نمائش کیلئے تیار ہوگیا جسے دیکھنے کیلئے آنے والوں کو تاریخ کے مختلف اوراق پلٹ کر دکھائے جائیں گے۔

گزشتہ ماہ 21ستمبر کو دبئی ایکسپو 2020 کیلئے پاکستانی پویلین تیار کر لیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر افضال محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے پویلین کا مرکزی خیال پاکستان ایک مخفی خزانہ ہے۔

مزید پڑھیں: دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین مخفی خزانوں کی نمائش کیلئے تیار

Related Posts