کراچی: ملیر پولیس نے بن قاسم سے دوران ڈکیتی قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ ملزمان 31 اگست 2021 کو پورٹ قاسم کے قریب چینی باشندے سے 23 لاکھ کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق غیر ملکی شخص چنگ لی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 360/2021 نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان سے اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لے لیا گیا۔
عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے چار ماہ قبل ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا مقدمہ نمبر 228/2021 نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا، گرفتار ملزمان نے ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا۔ملزمان نے زیادہ تر وارداتیں ضلع ملیر اور کورنگی میں کرنے کا انکشاف کیا۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید وارداتوں کے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ دونوں ملزمان کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ملزمان سے برآمد اسلحہ فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں صالح محمد اور احسان علی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی IBA طالبعلم کے اخراج پر پاسبان نے احتجاج کا اعلان کر دیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








