پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کیخلاف ٹرانسپورٹرز کا احتجاج کا عندیہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کیخلاف ٹرانسپوٹرز کا احتجاج کا عندیہ
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کیخلاف ٹرانسپوٹرز کا احتجاج کا عندیہ

کراچی: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے شعبہ ہائے زندگی کی ہر شے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو براہ راست اس اضافے کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافے بھی شروع کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے عوام الناس کو مال بردار گاڑیوں کے ذریعے سامان منگوانے میں دگنی ادائیگیاں کرنی پڑرہی ہیں ۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 123 روپے 30 پیسے سے بڑھا کر 127 روپے 30 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 120 روپے 4 پیسے سے بڑا کر 122 روپے 4 پیسے کر دی گئی ہے۔ مٹی کا تیل 92 روپے 26 پیسے سے بڑھا کر 99 روپے 31 پیسے کر دیا گیا جب کہ لائٹ ڈیزل آئل 90 روپے 69 پیسے سے بڑھا کر 99 روپے 91 پیسے کر دیا گیا ہے۔

ایک ماہ کے دوران دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ٹرانسپوٹرز کو شدید تحفظات ہیں، اس حوالے سے چیئرمین سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کیپٹن (ر)آصف محمود کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرنے پر پوری ٹرانسپوٹرز کو شدید تحفظات ہیں ۔انہوں نے ٹرانسپورٹ برادری سے مخاطب ہوئے کہا ہے کہ آپ سب بخوبی آگاہ ہیں کہ اب گاڑیوں کو چلانا قریب قریب نا ممکن ہوچکا ہے۔ آئیں سب مل کر اس تباہ کن صورتِ حال کا مقابلہ کریں اور حکومتِ وقت، عدلیہ، افواجِ پاکستان اور نوکرِ شاہی کو باور کرائیں کہ بس اب ہم مزید نقصان نہیں اٹھا سکتے۔

کیپٹن (ر) آصف محمود کا کہنا تھا کہ سوال یہ کہ ہم کیسے حکومت کو احساس دلا سکتے ہیں کہ موجودہ ڈیزل ، ٹائرز اور اسپیئر پارٹس کی قیمتیں اب ہماری بساط سے باہر ہو گئیں ہیں، تو ساتھیو ہمیں کراچی میں ایک انتہائی منظّم میٹنگ/اجلاس/ جلسہ منعقد کرنا ضروری ہے، جس میں پاکستان کے دوسرے شہروں سے بھی ٹرانسپورٹ برادری کے نمائندوں کو دعوت دی جائے۔ جہاں تمام ٹرانسپورٹرز یک زبان ہو کر عہد کریں کہ اپنے لیے نہیں بلکہ اپنے سے کمزور ٹرانسپورٹرز کیلئے ایک ایسی جنگ لڑیں گے جسے ٹرانسپورٹ برادری ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خاکسار اپنی ٹرانسپورٹ برادری کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے۔

کراچی ٹرانسپوٹرز اتحاد کے چیئرمین ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، ہم نے وہی کرائے رکھے ہوئے ہیں اور سی این جی کی قیمت 123 سے 180 پر پہنچ گئی اور پٹرول کی قیمت 80 روپے سے بڑھ کر 127 روپے تک پہنچ گئی ہے، ہماری کراچی میں چلنے والی 50 فیصد گاڑیاں سی این جی اور 50 فیصد ڈیزل پر چلتی ہیں، حکومت جس تیز رفتاری پر قیمتیں بڑھا رہی ہیں اس سے ہم گاڑیاں کھڑی کر دیں گے ، بلکہ گاڑیاں خود کھڑی کر دی جائیں گی۔

ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم احتجاج کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں مگر قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے خود ہی پورے پاکستان کی گاڑیاں کھڑی ہو جائیں گی کیوں کہ ٹائر ، پارٹس ، انجن سمیت ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔  ہم نے 2011 سے اب تک کرایوں میں اضافہ نہیں کیا ہے، پنجاب میں 5 بار کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے ، ہم کرایوں میں اضافے کی بات نہیں کرتے مگر کم از کم حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔

یہ بھی پڑھیں : ملیر پولیس کی کارروائی، قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

Related Posts