کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے ایم این اے کی حیثیت سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معروف ٹی وی میزبان اور پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی کی نشست سے اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔
رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم اور تحریکِ انصاف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ عمران خان اور پی ٹی آئی کا حامی و ناصر ہو۔
قومی اسمبلی سے استعفی ارسال کردیا ہے اللہ تعالی عمران خان اور پی ٹی آئی کا حامی و نا صر ہو ۔ اللہ حافظ
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) October 3, 2021
حیرت انگیز طور پر اپنے میڈیا اسٹنٹس کے باعث مشہور عامر لیاقت حسین کے مستعفی ہونے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، انہوں نے اللہ حافظ کے الفاظ لکھ کر تحریکِ انصاف کو الوداع بھی کہا۔
کچھ عرصے سے عامر لیاقت حسین کے تحریکِ انصاف کی قیادت، وزیر اعظم اور سندھ اور کراچی کی پی ٹی آئی لیڈر شپ سے اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ قبل ازیں رکنِ اسمبلی نجیب ہارون بھی مستعفی ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی سے رکنِ قومی اسمبلی و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے موٹر سائیکل کی عقبی نشست پر بیٹھ کر اپنے حلقے کا دورہ کیا اور سماجی رہنما رمضان ناتھا کی کاوشوں کی تعریف کی۔
آج سے 2 ماہ قبل 7 اگست کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں نے رات کے وقت اپنے حلقۂ انتخاب این اے 245 میں رمضان ناتھا کے ہسپتال اور سولجر بازار کا دورہ کیا۔
مزید پڑھیں: عامر لیاقت کا موٹر سائیکل کی عقبی نشست پر بیٹھ کر اپنے حلقے کا دورہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








