وزیر اعظم نے زندگی کی 69بہاریں دیکھ لیں، مبارکباد کا سلسلہ شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیر اعظم نے زندگی کی 69بہاریں دیکھ لیں، مبارکباد کا سلسلہ شروع
وزیر اعظم نے زندگی کی 69بہاریں دیکھ لیں، مبارکباد کا سلسلہ شروع

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی 69ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے، ملک بھر کے سیاستدانوں، سماجی رہنماؤں اور شوبز شخصیات کے علاوہ کھیل کے شعبے سے منسلک افراد کی طرف سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے 5 اکتوبر 1952کے روز لاہور میں آنکھ کھولی اور کرکٹ کے شعبے میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ خاص طور پر 1992 کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر عمران خان کو آج تک یاد کیا جاتا ہے۔

آگے چل کر انہوں نے تحریکِ انصاف کی بنیاد رکھی اور اسی پلیٹ فارم سے 2002 تا 2007 اور پھر 2013 سے 2018 تک رکنِ قومی اسمبلی رہے۔ سیاست میں قدم رکھنے سے قبل عمران خان کرکٹر کی حیثیت سے نمایاں مقام حاصل کرچکے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان کا مکمل نام عمران احمد خان نیازی ہے، انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کی بنیاد رکھی اور نمل کالج سمیت دیگر فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرکے سماجی رہنما کی حیثیت سے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

انجینئر اکرام اللہ خان نیازی کے صاحبزادے عمران خان نے تعلیم ایچیسن کالج لاہور، رائل گرائمر اسکول ویلسٹر انگلینڈ اور بعد ازاں آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔ کرکٹ کا آغاز 13 سال کی عمر سے کیا اور 18 سالہ عمران خان قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوگئے۔

انگلینڈ کے خلاف 1971 میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی۔ 1982 سے لے کر 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے تک عمران خان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے۔ 2005 میں عمران خان کو بیرونس لاک ووڈ کے بعد بریڈ فورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بھی مقرر کیا گیا۔

سیاست کی دنیا میں وزیر اعظم عمران خان کی جماعت تحریکِ انصاف کو احتساب کا علمبردار سمجھا جاتا ہے جس نے 2018 میں اقتدار پر براجمان ہو کر اپوزیشن رہنماؤں کی نیندیں اڑا دیں جو آج تک مختلف کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن رہنما مہنگائی پر قابو پانے میں ناکامی پر وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو تاریخ کی ناکام ترین حکومت قرار دیتے ہیں، تاہم وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہم ٹارگیٹیڈ سبسڈی کی پالیسی اپنائیں گے۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے قرضوں کے باوجود عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت نے پٹرول پر سیلز ٹیکس اور لیوی کو کم کردیا۔

گزشتہ روز وزیر اعظم نے کامیاب پاکستان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام 74سال پہلےشروع ہونا چاہئے تھا، مدینہ کی ریاست ایک کامیاب ترین ماڈل اور مشعلِ راہ ہے۔ 5 سال پہلے کے چین اور آج کے چین میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے قرضوں کے باوجود عوام پر کم بوجھ ڈالا۔وزیر اعظم

Related Posts