وزارتِ داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کیلئے 12 ڈرونز پر مشتمل ائیر سیکیورٹی یونٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد شہرِ اقتدار کے باسیوں کو فول پروف حفاظتی انتظامات فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد کیلئے ائیر سیکورٹی یونٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ نئے سیکورٹی یونٹ میں 12 ڈرونز شامل ہیں گے تاکہ شہریوں کی حفاظت ممکن بنائی جاسکے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کیلئے 2 لوکیٹرز خریدنے کے ساتھ ساتھ 1000 اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کو اسلام آباد پولیس میں بھرتی کیا گیا ہے۔
خطاب کے دوران وزیرِداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نے کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیٹ اور دیگر جعلی دستاویزات بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت ایسے عناصر کے جرائم بالکل برداشت نہیں کرے گی۔
دورانِ خطاب وزیرِ داخلہ نے کہا کہ میلوڈی مارکیٹ میں نیا فوڈ پارک شروع کر رہے ہیں۔ ایک اور فوڈ اسٹریٹ کا آرٹ اینڈ کرافٹ ولیج، شکر پڑیاں میں آغاز ہوگا۔ ہم نے ایک دن کے ایمرجنسی پاسپورٹ کیلئے فیس 10 ہزار روپے مقرر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 7نکاتی ایجنڈے پر غور کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








