کراچی:چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) زبیر موتی والا نے مہران ٹاؤن کے فیکٹری مالکان کی پریشانیاں سننے کے بعد کہا کہ آتشزدگی کے ایک واقعے کے ردعمل میں مہران ٹاؤن میں 1401 پلاٹوں کی لیز منسوخ کرنے کے بجائے حکومت تمام فیکٹریوں میں آتشزدگی کی روک تھام سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔
لیز منسوخ کر کے مہران ٹاؤن میں فیکٹریاں بند کرنا کوئی دانشمندانہ اقدام نہیں کیونکہ شہر کے کسی بھی صنعتی، کمرشل یا رہائشی علاقے میں کسی بھی لمحے آتشزدگی کا واقعہ رونما ہو سکتا ہے لیکن قیمتی جانیں تب ہی بچائی جا سکتی ہیں جب فیکٹریاں باہر نکلنے کے مناسب خارجی راستے اورآگ بجھانے کے آلات سے لیس ہوں جبکہ فائر ڈیپارٹمنٹ کو بھی زیادہ الرٹ بنانا ہوگا۔
یہ بات انہوں نے مہران ٹاؤن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اجلاس میں صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک ہوئے۔
چیئرمین بی ایم جی نے کہا کہ کراچی چیمبر مہران ٹاؤن کے صنعتکاروں کے لیز کی منسوخی سے متعلق نوٹس واپس لینے کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتا ہے کیونکہ کراچی چیمبر کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے کہ پریشان حال تاجر برادری کی مدد کی جائے۔
ہم ہر ممکن کوشش کریں گے اور ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے تاکہ مہران ٹاؤن کی کسی فیکٹری کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔کے سی سی آئی مہران ٹاؤن میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھی غمزدہ ہے لیکن کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی جانب سے اس کے بعد کی گئی کارروائی پر شدید احتجاج کرتا ہے جس سے فیکٹری مالکان میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے ہم کے سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے ثالثی کی پیشکش کرتے ہیں جہاں سندھ حکومت اور مہران ٹاؤن کے متاثریندونوں مدمقابل بیٹھ کر ایسا قابلِ عمل حل تلاش کر سکیں جس سے تمام فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت حاصل ہو اور ساتھ ہی قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت بھی یقینی بنائی جاسکے۔
زبیر موتی والا نے مزید کہا کہ ہمیں ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنا ہوگا کیونکہ حال ہی میں یہ بات ثابت ہوئی کہ لاک ڈاؤن کووڈ وبا سے لڑنے کا حل نہیں جس کا حل صرف ویکسینیشن ہے۔
مزید پڑھیں: چیف کلکٹر کسٹمز کا تاجروں کے مسائل کو دور کرنے کے لیے ایف پی سی سی آئی کا دورہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








