کراچی:مہنگائی،معاشی بدحالی اوربیروزگاری کے خلاف پی ڈی ایم کے ملک گیراحتجاج کو عوامی ریفرنڈم قراردیتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماں سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری و دیگرنے کہاہے کہ جنات اورخلائی مخلوق آمنے سامنے آچکے ہیں،سلیکٹیڈ حکمرانوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جادو ٹونے سے ملک کی معیشت نہیں چلے گی،ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں،جب تک سلکیٹڈ حکومت کا خاتمہ نہیں ہوجاتا احتجاج جاری رہے گا۔
ان خیالات کا اظہارجے یوآئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفوری حیدری، جے یوپی کے سیکرٹری پی ڈی ایم رہنما شاہ اویس نورانی،مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ،جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، محمد اسلم غوری ودیگرنے ایمپریس مارکیٹ صدر میں پی ڈی ایم کے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مظاہرے میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنان ورکرز اورشہریوں اورتاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اورمہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ پی ڈی ایم کے نائب صدر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہاکہ مہنگائی اور موجودہ حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ عوامی ریفرنڈم ہے۔
غریب عوام وکلا اور کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں،قائدجمعیت نے 20 اکتوبرسے ملک بھرمیں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیاتھا،مہنگائی کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے ہیں یہ احتجاج حکمرانوں کی رخصتی پرمنتج ہوگا۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ حکمرانوں نے معیشت کی بحالی اورعوامی فلاح وبہبود کے متعلق جو منشور پیش کیے تھے سب وعدے جھوٹے ثابت ہوئے۔
آج پورے ملک کو آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال دیاگیاہے،عمران نے آئی ایم ایف جانے سے پہلے خود کشی کا وعدہ کیاتھا،ایک کروڑ نوکریاں ہزاروں گھر دینے کا اعلان کیا تھا،اسلام اباد میں بیک وقت 16 ہزار افراد کو ملازمت سے نکال دیاگیا،کراچی میں انکروچمنٹ کے نام پرشہریوں کو بے گھرکیاجارہاہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ سیلیکٹد حکمرانوں کی سربراہی میں جمہوریت کا گلہ گھونٹا جارہاہے،میڈیاپرقدغن لگائی جارہی ہے،موجودہ حکومت جھوٹ پرمبنی یے،حکمران نے ابھی تک کوئی میگا پروجیکٹ نہیں لگایا،ان کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آج عوام اور تاجرسراپا احتجاج ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملکی معشیت کوتباہ کرنے والے اورعوام پرمہنگاء کا طوفان مسلط کرنے والے انجام کوپہنچیں گے پی ڈی ایم کی تحریک موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات دلانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،عمران خان نے قوم کوکچھ نہیں دیا قوم کودلدل میں پھنسا دیا ہے۔
پی ڈی ایم کے رہنما جے یوپی کے سربراہ صاحبزادہ اویس نورانی نے کہاکہ ملک حالت جنگ جبکہ حمکران بھنگ میں ہیں، ملک میں شفاف الیکشن ہونے چاہئیں،عمران خان نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے،اسٹیٹ بینک کے گورنرکاڈالرسے متعلق بیان مضحکہ خیزہے۔
اویس نورانی نے ملک میں فوری نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ عمرانی حکومت کے خلاف عوامی تحریک کا آغاز ہوگیاہے جوان کی رخصتی تک جاری رہے گی۔ جمعیت علماء اسلام سندھ کے سکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہاکہ دو دن کے مختصرنوٹس پر عمران خان کے خلاف احتجاج عوامی ریفرنڈم ہے۔
یہ حکومت عوام دشمن ہے،جنات اور خلائی مخلوق آمنے سامنے آچکے ہیں،عوام کے احتجاج کی آواز بنی گالہ تک جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مساجد اورمدرسوں پر حملے کیے جارہے ہیں،عمران خان اسلام،ختم نبوت، عوام کا دشمن ہے وہ اپنے عہدے سے فوری مستعفی ہوجائیں۔
مزید پڑھیں: لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کا احتجاج، 3پولیس اہلکار جاں بحق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








