اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے اگلے پندرہ دن کے لیے پیٹرولیم کی قیمتوں میں تقریباً 11 روپے 53 پیسے فی لیٹر اضافے کی سمری مسترد کردی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تجویز کو مسترد کردیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی مہنگائی کے دباؤ کے اثرات سے گزرنے کے بجائے شہریوں کے لیے ریلیف کو ترجیح دے رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ”اوگرا کی جانب سے تجویز کردہ زیادہ قیمتوں کا اضافی بوجھ، جو شہریوں کو منتقل کیا جاتا، اس کے بجائے حکومت برداشت کرے گی۔”
وزیر اعظم کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اوگرا نے درحقیقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 53 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 49 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 29 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5.72 روپے کا اضافہ کیا جانا تھا۔
حکومت نے آخری بار 16 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10.49 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12.44 روپے کا اضافہ کیا تھا۔ اس سے قبل رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ حکومت آئندہ 15دن کے لئے پیٹرول کی قیمتوں میں 6.5 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: مہنگائی اور دھرنے، وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کرینگے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








