اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے جلد ”میگا ریلیف پیکیج“ کا اعلان کریں گے، جس سے ایک کروڑ افراد کو براہ راست ریلیف ملے گا۔
فواد چوہدری اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطے شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اطلاعات نے ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے میگا پیکج اور پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آئندہ بلدیاتی انتخابات سمیت دو اہم ایجنڈے زیر بحث آئے۔
انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے بین الاقوامی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”اگرچہ حکومت نے اس کے اثرات کو عوام تک پہنچنے سے روکنے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں، لیکن اہم بات یہ ہے کہ اس پر کب تک قابو پایا جائے گا۔”
شہباز گل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ توقع ہے کہ وزیراعظم پرسوں قوم سے خطاب کریں گے تاکہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر عوام کو اعتماد میں لیا جا سکے اور مہنگائی پیکج کی تفصیلات بتائیں۔
واضح رہے کہ حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے، خاص طور پر وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے کی منظوری کے بعددباؤ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ انتخابات میں بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب براہ راست انتخابات کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اور وعدہ ہے جو وزیراعظم اور پی ٹی آئی پورا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے پنجاب میں امیدواروں کی نامزدگی کا عمل شروع کر دیا ہے، اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور دیگر بھی صوبے میں مہم چلا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کور کمیٹی کا اجلاس، وزیر اعظم نے ارکان کو کالعدم تنظیم سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








