کراچی: احتساب عدالت نے غیر قانونی تقرریوں کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی پر فردِ جرم عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی پر غیر قانونی تقرری کیس میں الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرریاں اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کیں۔
غیر قانونی تقرری کیس کی سماعت کراچی میں ہوئی جہاں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سابق سیکریٹری پٹرولیم ارشد مرزا اور دیگر کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے حلفیہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات غلط اور میں بے گناہ ہوں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔
نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کو اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے ہونے والے نامعلوم لین دین کے معاملے پر طلب کیا ،شاہد خاقان عباسی کو ضمنی ریفرنس پر نیب کی جانب سے تیار کردہ سوال نامہ بھی دیا گیا۔
مزید پڑھیں: ایل این جی کیس، شاہد خاقان عباسی کو نیب نے طلب کرلیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








