اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار نے عمران خان کے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے دنیا کے تعلقات میں رخنہ ڈالنا غیر آئینی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی بحران پاکستان کیلئے بڑے چیلنجز ہیں۔ حکومت کو مشکل حالات میں ڈیلیور کرنا ہے۔
گفتگو کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ حکومت لوگوں کی مشکلات کو آسان کرے۔ گھر میں جھگڑا ہو تو عالمی ادارے کو آگاہ کرنا نامناسب ہے۔ حکومت اور ریاست سے عالمی تعلقات میں رخنہ غیر آئینی بھی ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کا بنیادی نکتہ آئینی ترمیمی بل ہے، مقامی حکومتوں اور ضلع کی سطح پر اختیارات دئیے جائیں۔ مضبوط مرکز مضبوط ملک کی ضمانت ثابت نہیں ہوسکے۔
فاروق ستار نے کہا کہ مضبوط اضلاع ہی پاکستا کو مضبوط بنانے کی ضمانت بنیں گے۔ آئینی ترمیمی بل پر مسلم لیگ (ن) ہمارا ساتھ دینے کیلئے آمادہ ہوئی۔ بل منظور کرا کر ہم ملک کا بڑا مسئلہ حل کریں گے۔
دریں اثناء کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اصلی مینڈیٹ سے آئے ہیں، کسی کے جعلی قرار دینے سے فرق نہیں پڑتا۔ ایم کیو ایم اس بار عوام کیلئے آگے آئی۔ ہمیں عہدوں کا لالچ نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








