وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے برطانیہ کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے پاکستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ کو مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے 15 کامیاب پاکستانی نژاد اراکینِ پارلیمنٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں: بورس جانسن کی انتخابات میں واضح اکثریت سے فتح
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ آپ نے اراکینِ پارلیمنٹ کی حیثیت اپنی محنت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر حاصل کی ہے۔
برطانیہ کے انتخابات میں کامیاب ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اراکینِ پارلیمنٹ کو دعا بھی دی کہ خدا آپ کا حامی و ناصر ہو۔
برطانیہ کے انتخابات میں کامیاب ہونیوالے پاکستانی نژاد ارکان کو بہت مبارک، آپ نے اپنی محنت اور صلاحتیوں سے یہ مقام حاصل کیا ہے خدا آپ کا حامی و ناصر ہو pic.twitter.com/oQQYbR8CcL
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 13, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن عام انتخابات کے بعد آنے والے نتائج کے مطابق بھاری اکثریت سے جیت گئے۔ حکمراں کنزرویٹو پارٹی کو اپوزیشن پر واضح برتری حاصل ہوئی۔
برطانیہ کا ایوان 650 سیٹوں پر مشتمل ہے جس میں سے 365 سیٹیں اب تک کنزرویٹو پارٹی نے جیتیں جن میں 15 پاکستانی نژاد اراکینِ پارلیمنٹ بھی شامل تھے جبکہ اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی محض 203 نشستیں حاصل کرسکی۔
بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاک برطانیہ تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم بورس جانسن کو برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی انتخابات میں کامیابی پر بورس جانسن کو مبارکباد
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








