یومِ پاکستان، گورنراوروزیر اعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: یومِ پاکستان کے موقعے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سیّد مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کی روح کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ 75 سال سے ہم عقیدت کے ساتھ یومِ پاکستان مناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزی کی۔عمران خان

میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ بانئ پاکستان نے یہ سوچ دی کہ پاکستان کے عوام کی خدمت کریں، قائدِ اعظم کے فرمان اور سوچ کو اپنا کر معیشت دوبارہ اوپر لائی جاسکتی ہے۔ ملک کو مضبوط کرنے کا عزم لے کر نکلنا ہوگا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ معیشت سمیت کچھ چیزیں عدم استحکام کا شکار ہیں۔ پاکستان کو اپنی چاروں اکائیاں مضبوط کرنی ہیں۔ لاہور میں ایک سیاسی جماعت نے تماشا لگا رکھا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان دنیا میں بدنام ہو۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ملک کی سالمیت کا خیال رکھنے والے اداروں کا خیال نہیں کیا جارہا۔ عمران خان کا ایجنڈا ملک کی فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو کمزور کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ مشکلات موجود ہیں لیکن مل کر مشکلات پر قابو پانا ہے۔ ہم نے قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے آرڈیننس منظور کر لیا۔ ملک کو یکجا کرنا ہوگا۔ دہشت گرد ملک کو مشکل میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں 2 مذہبی شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی تفتیش کی نگرانی خود کررہا ہوں۔ پولیس، رینجرز، فوج اور انٹیلی جنس مل کر کام کر رہے ہیں۔ پورے صوبے کے ہر تحصیل اور ہر ٹاؤن میں بچت بازار لگائے جائیں گے۔

Related Posts