کراچی میں بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر آج سندھ کی صوبائی و وفاقی قیادت مزارِ قائد پر حاضر ہوئی اور بانئ پاکستان کو پھولوں کی سلامی پیش کی گئی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ مزارِ قائد پر حاضر ہوئے اور بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ مزارِ قائد پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔
بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا تصورِ سیاست ایک دوسرے سے الگ ہے، تاہم ملک کی ترقی ہمارا مشترکہ سیاسی مقصد ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ کراچی کی خوشخبری سناتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ 27 دسمبر کو وزیر اعظم کراچی تشریف لائیں گے، اہم ملکی و سیاسی معاملات پر پیش رفت ہوگی، وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی ہوگی۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات نتیجہ خیز رہی۔ مراد علی شاہ سے وفاق کے صوبائی ترقیاتی منصوبوں پر تعاون کی امید رکھتے ہیں۔
گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ بھارت میں ملک گیر فسادات پوری دنیا کی نظروں میں ہیں۔ خود کو روشن خیال اور سیکولر کہنے والا بھارت بے نقاب ہوگیا ہے جبکہ پاکستان اپنی اقلیتوں کا بہت خیال رکھتا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پریشان کن ہے۔ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ساتھ بھارتی مسلمانوں پر بھی ظلم ہو رہا ہے۔
سیّد مراد علی شاہ نے مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کو بھارتی ظلم و ستم بین الاقوامی سطح پر اٹھانا ہوگا، خواہش ہے کہ مسلم ممالک اسلام کے خلاف مظالم پر متحد ہوں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان شہرِ قائد آئیں گے، مجھے نہیں بتایا گیا۔ اپنے عہدے کے اعتبار سے یہ فرض سمجھتا ہوں کہ وزیر اعظم کا استقبال کروں۔پہلے بتایا کرتے تھے، آج کل کوئی اطلاع نہیں دیتا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے لیے آج 25 دسمبر کے دن خوشیوں کا مزہ دوبالا ہوگیا، قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 143واں یومِ پیدائش منا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں 143ویں یومِ قائد کے موقعے پر پیغام دیتے ہوئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم مستقبل بین عظیم رہنما کے طور پر قائد اعظم محمد علی جناح کا احترام کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: یومِ قائدِ اعظم : اہم قومی و سیاسی شخصیات کے تہنیتی پیغامات
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








