کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں امراء اضلاع ونظم حلقہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 27ستمبربروز اتوار کوہونے والے ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور طے کیا گیا کہ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور مسائل کے حل تک جاری رکھا جائے گا۔
9اکتوبر کو اجتماع کارکنان منعقد کیا جائے گاجس میں 15,16,17اکتوبر کے ریفرنڈم اور14اکتوبر کو ملک گیر سطح پر منائے جانے والے ’’یوم یکجہتی حقوق کراچی ‘‘ کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔اجلاس میں امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کابھی شکریہ ادا کیاکہ انہوں نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے 14اکتوبر کو پورے ملک میں ’’یوم یکجہتی حقوق کراچی ‘‘ کا منانے کا فیصلہ کیا ۔
حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ نے بڑے پیمانے پر عوامی پذیرائی اورکراچی کے تین کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے ،مارچ میں خواتین، بچے، بزرگ، نوجوان، طلبہ، طالبات،اساتذہ، علماء کرام، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء، صحافی، تاجر اور مزدور و محنت کش،صنعت کار،شاعر و ادیب اورسول سوسائٹی،اقلیتی برادری کے نمائندوں،مختلف طبقات اورشعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کے مسائل حل کرنے میں 30سالوں سے ناکام رہی ہے اور یہی دونوں سیاسی گروہ کراچی کی تباہی و بربادی کے ذمہ دار بھی ہیںلیکن گزشتہ دوسال سے پاکستان تحریک انصاف نے بھی شہر کی بہتری کے لیے کوئی کردار اد ا نہیں کیا جبکہ پی ٹی آئی کے کراچی سے 14ایم این ایز اور22ایم پی ایز منتخب ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ کراچی کے ’’اعلان کراچی ‘‘ کے مطالبات کے حوالے سے 15,16,17اکتوبر کو شہر بھر میں مختلف مقامات بازاروں،مساجد،تعلیمی اداروں،بار کونسل اور رہائشی علاقوں میں مرحلہ وار ریفرنڈم کرایا جائے گا ۔
جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو پہلے تنہا چھوڑا تھا اور نااب تنہا چھوڑے گی ،جماعت اسلامی کوجب بھی موقع ملا عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا،عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان خدمت و دیانت کا نشان بن چکے ہیں ۔
آج شہر بھر میں ہر طبقے سے وابستہ افراد جماعت اسلامی کی شہر کے لیے خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک ، نادرا،واٹر بورڈ،بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف مسائل پر کراچی کے مظلوم ومحروم عوام کے ترجمان کا کردار ادا کیا ہے۔
کورونا وائرس کے دوران بڑے پیمانے پر جماعت اسلامی اور الخدمت عوام کی بھر پور خدمت کی ، راشن تقسیم کیے،پکے پکائے کھانے اور ضروریات زندگی کی اشیائے فراہم کیں۔کراچی میں بارشوں کے دوران بھی جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار عوام کے درمیان رہے اور خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔