اسلام آباد:شہر اقتدار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 13 خیام ٹاؤن کے رہائشیوں نے غریب نادار اور مستحق افراد کے لیے خاموش خدمت کے نام سے فلاحی کاموں کا آغاز ایک سال قبل شروع کیا تھا، خاموش خدمت کے زیرانتظام دیوار مہربانی،دسترخوان مہربانی،ٹرانسپورٹ مہربانی اور رشتہ ازدواج مہربانی جیسے اعلیٰ پراجیکٹس کام کر رہے ہیں۔
دسترخوان مہربانی کے ذریعے سفید پوش غریب مزدور دیہاڑی دار افراد کو کھانا مہیا کیا جاتا ہے جب کے دیوار مہربانی پرمستحقین کے لئے کتابیں،کپڑے اور جوتے رکھے گئے ہیں، ضرورت مند اور حاجت مند افراد وہاں سے اپنی ضرورت کی اشیاء لے جاتے ہیں۔
علاقے میں مفت ٹرانسپورٹ مہربانی کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو کافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں،جبکہ رشتہ ازدواج کے ذریعے نوجوان بچے بچیوں کے رشتے اللہ تعالی کی رضا کے لئے کرائے جاتے ہیں۔ شادی کے لیے غریب بچیوں کو جہیزدیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے خاموش خدمت کے بانی بادشاہ خان اور ایڈووکیٹ کے محمد صدیق کا کہنا ہے کہ ہم نہ تو گورنمنٹ آف پاکستان سے اور نہ ہی سینی گورنمنٹ سے اور نہ ہی کسی این۔جی۔او سے چندہ لیتے ہیں، ہم لوگوں نے مل کر آپس میں یہ کار خیر کے کام شروع کیے ہیں۔
اس میں ہمارے رشتے دار جو دیارغیرمیں مقیم ہیں وہ ہماری مدد کرتے ہیں ہمارے دوست دوسرے شہروں میں جو رہائش پذیر ہیں وہ مدد کرتے ہیں غرض کہ صرف اللہ تعالی کی ذات مدد کرتی ہے باقی تو سب وسیلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹھان رکھی ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کوئی اچھا اور نیک کام کریں، جب ہم نے یہ کار خیر کے کام شروع کئے تو اللہ تعالی نے اپنے نیک بندوں کے ذریعے ہماری بہت اور ناقابل بیان فرمائی شاید اللہ تعالی کو کون سی ادا پسند آجائے جو بخشش کا ذریعہ بن جائے۔
بادشاہ خان نے کہا کہ ہم تمام مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے اپنے علاقوں میں خیروبرکت کے کام شروع کریں جس سے غریبوں اور ناداروں کی مدد ہو سکے تاکہ ہم فلاح پا سکیں۔