راولپنڈی:سیاحتی مقام مری کے نجی ہوٹل میں سیاحوں اور ہوٹل انتظامیہ کے مابین سخت تلخ کلامی کے بعد لڑائی جھگڑا، وا قعہ گلوریا جینز میں انٹرنیشنل کافی شاپ پر پیش آیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اردگرد کے تمام سیاح اکٹھے ہو گئے۔
پولیس ہمیشہ کی طرح تاخیر سے پہنچی،ہوٹل میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے،جن کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے، جبکہ ہوٹل انتظامیہ اور سیاحوں نے پولیس کو مقدمے کے اندراج کے لیے علیحدہ علیحدہ درخواستیں دے دی ہیں،جس پر ضابطہ کی کارروائی جاری ہے۔
سیاحوں کی جانب سے درخواست پر زخمی سیاحوں کو میڈیکل کے لیے اسپتال بھجوایا گیاہے،تاکہ میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ہوٹل انتظامیہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے،جبکہ سیاحوں کا مزید کہنا ہے کہ کافی شاپ انتظامیہ نے ہمارے ساتھ انتہائی بدتمیزی کی اور گالی گلوچ کی جس کے بعد تلخ کلامی ہوئی اور اس کے بعد ہم پر تشدد کیا گیا۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ ہم سراپا احتجاج ہیں، ہمیں انصاف دیا جائے،واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات مری میں تواتر سے ہوتے چلے آرہے ہیں، مگر آج تک اس قسم کے واقعات پر کنٹرول نہیں کیا جاسکا ہے۔
ایس پی صدر پولیس راولپنڈی کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، حقائق کو سامنے لاتے ہوئے میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا، کسی کو بھی تشدد ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جا ئے گی۔