اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کو 3 سال کی سزا سنا کر گرفتار کروانے والے جج ہمایوں دلاور اہلِ خانہ سمیت بیرونِ ملک روانہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کو 3 سال کی سزا سنائی، 5 سال کیلئے نااہل کیا اور گرفتاری کیلئے وارنٹ جاری کیے جس سے قبل ہی پولیس زمان پارک پہنچ چکی تھی۔
عمران خان کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، مریم اورنگزیب
گزشتہ روز پولیس نے کمال تیزرفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور سے گرفتار کرکے ائیرپورٹ کے ذریعے اٹک جیل منتقل کردیا۔
تاہم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ہمایوں دلاور فیصلہ سنانے کے بعد فیملی سمیت بیرونِ ملک روانہ ہوگئے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے شروع کردئیے۔
بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کورٹس کی سالانہ چھٹیاں گزارنے کیلئے بیرونِ ملک روانہ ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو وارنٹ لے کر جاتا تھا یہ اس پر حملہ آور ہو جاتے تھے، چیئرمین پی ٹی آئی سے جب جواب مانگا جاتا تو وہ اداروں پر حملہ کرتے تھے۔
ہمایوں دلاور کی انگلینڈ روانگی
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کیلئے انگلینڈ گئے ہیں۔ جج ہمایوں دلاور کی لندن ٹریننگ نامزدگی کے متعلق 4اگست کا خط سامنے آگیا۔
جج ہمایوں دلاور کو ججز کی جوڈیشل کانفرنس میں شمولیت کیلئے چیف جسٹس نے نامزد کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے سیشن جج کو 4اگست کے روز خط لکھا جس کے متن میں کہا گیا کہ جج فیضان حیدر کی جگہ ٹریننگ کیلئے جج ہمایوں دلاور کا نام شامل کیا جائے۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ جج ہمایوں دلاور 5 اگست سے 13 اگست تک لندن میں ٹریننگ میں شامل ہوں گے۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف ہل میں ٹریننگ سیشن ہوگا۔ ججز کی جوڈیشل کانفرنس کا عمل 2 ماہ سے جاری تھا۔
کچھ ججز کو ویزہ نہ ملنے پر نام تبدیل کرکے دیگر ججز کو شامل کیا گیا۔ پشاور میں بھی کچھ ججز کو ویزہ نہ ملنے پر نام تبدیل کیے گئے ہیں۔ جج ہمایوں دلاور نے گزشتہ روز عمران خان کو 3 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








