اسلام آباد: عدالتِ عالیہ نے سابق وزیر اعلیٰ کی تھری ایم پی او کے تحت جاری نظر بندی معطل کرتے ہوئے پرویز الٰہی کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرویز الٰہی کے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے کوئی جلوس یا ہنگامہ آرائی کی؟ پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل نے جلسہ جلوس یا ہنگامہ نہیں کیا۔
پرویز الٰہی پمز ہسپتال سے اٹک جیل منتقل
ہائیکورٹ کے استفسار پر وکیل نے آگہی دی کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری یکم جون کو عمل میں لائی گئی تھی۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ پرویز الٰہی 3 ماہ سے زائد عرصے سے قید میں ہیں۔ عدالت نے پرویز الٰہی کی رہائی کا حکم دے دیا۔
ڈی سی اسلام آباد کو منگل کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو آئندہ پیشی کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت کی اور انہیں کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روک دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الٰہی کو پمز اسپتال سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا۔
حال ہی میں پرویز الٰہی کی اٹک جیل میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں سخت سیکیورٹی میں طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی طبیعت بہتر ہونے پر انہیں جیل منتقل کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








