اسلام آباد :سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو طلب کرنے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے اخباروں میں اشتہار جاری کردیئے۔
ہائی کورٹ نے 19 اکتوبر کو اخبارات میں نواز شریف کی طلبی کااشتہار شائع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ اشتہاراخبار کے پچھلے صفحے کے ایک چوتھائی حصے میں کالے رنگ میں چھاپنا چاہئے۔
عدالت کی جانب سے جاری کردہ اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اسلام آباد ہائی کورٹ سے مفرور ہیں اور انہیں اشتہار کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کا ایک آخری موقع دیا جارہا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم کو 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حتمی موقع دیا تھا۔
جسٹس امیر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ کی جانب سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ اردو اور انگریزی دونوں اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے نواز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کے بارے میں بتایا جائے۔
حکم کے مطابق ہائی کمیشن کے توسط سے یہ اشتہار بھی برطانیہ کو بھیجا جانا چاہئے۔ مزید یہ کہ اردو اور انگریزی اخبارات کے لندن ایڈیشن میں بھی یہ اشتہار چھاپنا چاہیے جس کی قیمت وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔