اسلام آباد: عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں ہوئی۔ معزز جج رخشندہ شاہین نے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان کیخلاف مقدمے کی سماعت کی۔
توشہ خانہ کیس: ٹرائل کورٹ نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا
مقدمے کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی، شریک ملزمان عامر محمود کیانی، سیف اللہ نیازی، طارق شفیع، حامد زمان، سیّد یونس اور سردار اظہر کے علاوہ عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا بھی پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عمران خان کی طرف سے وکیل نعیم پنجوتھا نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت میں پہلے پیش ہوتے رہے تاہم طبیعت ناساز ہے، اس لیے پیش نہیں ہوسکتے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے عمران خان اور فیصل مقبول کی جانب سے طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14دسمبر تک توسیع کردی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








