لاہور: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 2 دسمبر کو طلب کر لیا ہے جس میں صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے پر مشاورت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی جلسے کے دوران اسلام آباد نہ جانے اور اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا۔ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعہ کو ہوگا۔
پی ٹی آئی نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں
پارلیمانی پارٹی اجلاس میں پی ٹی آئی کی اتحادی ق لیگ کے اراکین بھی شرکت کریں گے۔ ق لیگی رہنما و وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پہلے ہی صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے تیار ہیں۔
سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی اپنے مختلف بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کے ایک اشارے پر صوبائی اسمبلی فوری طور پر تحلیل کی جاسکتی ہے جس پر مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) تحریکِ عدم اعتماد اور پنجاب میں گورنر راج لانے جیسے آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران تحریکِ عدم اعتماد نہیں لائی جاسکتی۔
صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی صورت میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ قیادت وفاقی حکومت مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے۔ ملک میں مسلسل کئی مہینوں سے جاری سیاسی بحران کے باعث ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








