لالہ موسیٰ:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی، نالائق، سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کو تسلیم کر نا پاکستانی عوام کے ساتھ ناانصافی ہو گی، پہلے ہی جلسے سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، عمران خان کے ذہن میں اگر کچھ ہے تو وہ صرف پی ڈی ایم ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہتے تھے احتجاج کر نے والوں کو کنٹینر ز اور کھا نا فراہم کرینگے آپ نے ہمارے راستوں میں کنٹینرز رکھ دیئے ہیں، وزیر اعظم بھوک، بیروز گاری کو قید نہیں کر سکتے ،عوام70 سال سے جمہوریت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو جواب دیں کہ پاکستان کی عوام غلام نہیں،آزاد شہری ہیں۔
اگر عوام کے مینڈیٹ کو نہیں مانا گیا تو انتخابات کے دوسرے روز ہی اسلام آباد پہنچ کر احتجاج کریں گے۔ لالہ موسیٰ میں پریس کانفرس کے دوران انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ہر پریس کانفرنس اور تقریروں میں یہی موضوع ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
ہمارے کارکنان پر مقدمات بنائے جارہے ہیں اور گرفتار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے تھے کہ احتجاج کرنے والوں کو کنٹینرز اور کھانا فراہم کریں گے، انہوں نے ہمارے راستوں میں ہی کنٹینرز رکھ دیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم بھوک، بیروزگاری کو قید نہیں کرسکتے اور گوجرانوالہ میں عوام کا سمندر آپ کو جواب دے گا کہ اس سلیکٹڈ کے جانے کا وقت آچکا ہے۔پیپلز پارٹی کے سربراہ نے کہاکہ عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا حصہ بنیں اور 70 سال سے جمہوریت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو جواب دیں کہ پاکستان کی عوام غلام نہیں آزاد شہری ہیں۔
بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ 2020 میں بھی غیر جمہوری کوششیں جاری ہیں، ایک جلسہ برداشت نہیں ہوتا۔گلگت بلتستان میں آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں پری پول دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
میں حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ وہاں دھاندلی ہوئی اسے بالکل برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ میں خود جارہا ہوں وہاں اور ہر چیز کی خود نگرانی کریں گے اور اگر عوام کے مینڈیٹ کو نہیں مانا گیا تو انتخابات کے دوسرے روز ہی اسلام آباد پہنچ کر احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ اگر جی بی میں دھاندلی ہوئی تو یہ سب سے بڑا قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاوید حسن کو نگر میں الیکشن سے پہلے اس کو نااہل قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ وہ پیپلز پارٹی کا امیدوار ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں خود گلگت بلتستان جاؤنگا، اگر دھاندلی ہوئی تو گلگت بلتستان سے اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم 3 نسلوں سے پاکستان کی جدو جہد کر رہے ہیں، قیادت سے کارکنوں تک قربانیاں دے چکے ہیں، اب فیصلہ کرلیا ہے کہ اب ہمارے خون کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا اور جمہوریت کو بحال کرنا ہوگا اس ملک کے عوام کے مسائل حل کرنے کا کوئی اور طریقہ نہیں۔