اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اعتراف کیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اور قومی معاشی ٹیم کے سربراہ مفتاح اسماعیل پر ان کی اپنی ہی پارٹی ن لیگ کے اندر سے تنقید کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کے خلاف ن لیگ سے بھی آوازیں اٹھنے لگیں۔ن لیگی سینیٹر افنان اللہ خان نے پارٹی قیادت سے مفتاح اسماعیل کو ہٹا کر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ لگانے کا مطالبہ کردیا۔
عیدالاضحیٰ تعطیلات کی سمری وزیراعظم کو ارسال
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ بار بار کے تجربوں سے بہتر ہے کہ تجربہ کار اسحاق ڈار کو ملک کا وزیرِ خزانہ تعینات کیا جائے۔ اسحاق ڈار ملک کے معاشی معاملات سنبھال لیں گے۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ وزیرِ خزانہ کی تعیناتی کا فیصلہ ن لیگی قیادت کرے گی۔ دوسری جانب وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے مفتاح اسماعیل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ خزانہ مشکل وقت میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا گزشتہ روز اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے قابلِ رسائی ہیں۔ بدقسمتی سے مفتاح اسماعیل پر ن لیگ کے اندر سے تنقید ہو رہی ہے جبکہ یہ وقت وزیرِ خزانہ سے اظہارِ یکجہتی کا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








