لاہور :منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیسوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت آج لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی۔
جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ اس کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت کی کارروائی صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگی۔
اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے دلائل دیں گے۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کی پیشی کے دوران پولیس کو فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن رہنماؤں پر دباؤ ڈالنے کیلئے نیب کو استعمال کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ نیب نے بے بنیاد کیسز بنائے ہیں۔