کراچی: سینئر ڈپٹی کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) مصطفیٰ کمال نے بانی ایم کیو ایم سے جنت میں ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد میں اتوار کے روز یومِ تشکر کے جلسے سے خطاب کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 8سال قبل میری قوم کے نام پر جو کچھ ہوتا، اس پر قوم کو جواب دینا ہوتا تھا۔ آج دل سے بانی ایم کیو ایم کو معاف کرتا ہوں۔
جلسے سے خطاب کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جناح گراؤنڈ سے پاکستان اور پاکستانیوں کی بات کر رہے ہیں۔ یہاں سے جانے کے بعد کسی کو مارنے کی بات نہیں کی جائے گی۔ انسان کو انسان کا دوست بنائیں گے۔ پورا پاکستان ہمیں طعنے دیتا تھا۔
سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی والوں نے عام انتخابات میں بتایا کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم (پاکستان) کا تھا اور آج بھی ایم کیو ایم کا ہے۔ بانی ایم کیو ایم کو توبہ اور اللہ سے رجوع کرنے کی دعوت دیتا ہوں، وہ بھرم بازی چھوڑ دیں۔
رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین عمران فاروق کے اہلِ خانہ سے معافی مانگیں، میری خواہش ہے کہ آپ کا خاتمہ ایمان پر ہو، قدرت کا فیصلہ تسلیم کریں۔ میں نے شراب پینے کی عادت چھڑانے کیلئے بانی ایم کیو ایم کو ہسپتال میں داخل کرایا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے اور اس موقعے پر میں الطاف حسین کو معاف کرتا ہوں۔ خواہش ہے کہ ان سے جنت میں ملاقات کروں اور وہاں آپ ہمارے لیڈر بن جائیں۔ ہم نے شہر کے 700سے زائد نوجوانوں کا مقدمہ لڑا اور بازیاب کرایا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








