اسلام آباد: عام انتخابات 2024 کے دوران قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشن کا اعلان کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے نتائج جاری کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 265 میں سے 264 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے 101 پر آزاد امیدواروں کو فاتح قرار دیا گیا جن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 93امیدوار شامل ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 75نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
پیپلز پارٹی نے 54نشستوں پر میدان مارلیا۔ایم کیو ایم نے 17، مسلم لیگ (ق) نے 3 جبکہ جے یو آئی (ف) نے 4 نشستوں پر کامیابی سمیٹ لی۔ باجوڑ میں این اے 8 کی نشست پر امیدوار کے قتل کی وجہ سے الیکشن نہ ہوسکا جبکہ 1 نشست کا نتیجہ روکا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں آئی پی پی اور بی این پی نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں جبکہ 6 دیگر پارٹیوں نے 1،1 نشست پر میدان مار لیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ انتخابات کا عمل پر امن رہا جس کے نتیجے میں حکومت سازی کا عمل مؤثر ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب اسمبلی کی 296نشستوں کے نتائج بھی سامنے آگئے جن میں سے 1 نشست پر الیکشن نہ ہوسکا۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 116امیدواروں سمیت 138 آزاد امیدوار، ن لیگ کے 137، پی پی پی کے 10 جبکہ مسلم لیگ (ق) کے 8 امیدوار کامیاب رہے۔
صوبائی اسمبلی کی دیگر نشستوں پر آئی پی پی، ٹی ایل پی اور مسلم لیگ (ض) کا 1، 1 امیدوار کامیاب رہا۔ مرکز کی طرح صوبائی اسمبلی میں بھی حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ، رابطوں، گفت و شنید اور مذاکرات کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔
سندھ اسمبلی میں 129 نشستوں کے نتائج جاری کردئیے گئے۔ پی پی پی نے سب سے زیادہ 84 نشستوں پر میدان مارلیا، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 11 امیدواروں سمیت 13 آزاد امیدوار، ایم کیو ایم کے 28 جبکہ جماعتِ اسلامی اور جی ڈی اے کے 2،2 امیدوار فاتح رہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی 112 نشستوں کے نتائج جاری ہوئے ہیں جبکہ 1 کا نتیجہ روکا گیا جبکہ 2 پر الیکشن ملتوی کرنا پڑا۔ کے پی کے میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 83امیدواروں سمیت 90آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا جبکہ جے یو آئی نے 7نشستیں حاصل کیں۔
مسلم لیگ (ن) نے 5 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ اس طرح خیبر پختونخوا میں تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، تاہم بعض قانونی پیچیدگیوں کے باعث حکومت سازی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بلوچستان اسمبلی کی 51نشستوں کے نتائج جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق جمعیت علمائے اسلام نے 11، پی پی پی نے 11 جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 10 نشستوں پر میدان مار لیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی نے 4، نیشنل پارتی نے 3، عوامی نیشنل پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








