اسلام آباد: پاکستان نے صومالیہ میں دہشت گردوں کے حملے کے دوران 5فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں فوجی اڈے پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ حملے میں یو اے ای اور صومالیہ کے زیر تربیت فوجیوں کو نشانہ بنایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ، یو اے ای، صومالیہ اور امارات کی حکومتوں سے دہشت گردی کے واقعے پر افسوس کا اظہار اور تعزیت کرتا ہے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا اور صومالیہ سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کی تمام اشکال کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صومالیہ کی حکومت کے شانہ بشانہ ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں آج سے 2 روز قبل ایک فوجی اڈے کو دہشت گردوں نے حملے کا نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 5فوجی جاں بحق ہو گئے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی وزارتِ دفاع نے 3 فوجیوں کی شہادت کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ 1 بحرینی افسر بھی اس حملے کے دوران شہید ہوا۔ مذکورہ افسران صومالی مسلح افواج کو تربیت دے رہے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








