میانوالی میں دہشت گردوں کا رات کی تاریکی میں پولیس ناکے پر تین اطراف سے حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے جس پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق رات کے اندھیرے میں 12 سے 13 دہشت گردوں نے پولیس ناکے پر 3 اطراف سے حملہ کردیا جسے پولیس اہلکاروں نے بہترین حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے اور کسی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ ڈی پی اومیانوالی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ڈی پی او میانوالی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے کا سامنا کرنے والے پولیس کے جوان سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ پنجاب پولیس دہشت گردوں کا ہر طرح سے سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قبول خیل چیک پوسٹ پر حملہ ناکام ہونے پر پولیس کی تعریف کی۔
جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنادئیے۔ پولیس کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








