پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرا سلیم نے خلا میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کر دی، انہوں نے خلا میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
نمیرا سلیم گزشتہ دنوں امریکی کمپنی ورجن گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر سے خلا میں سفر کیلئے امریکا پہنچی تھیں۔
From Space back to Earth! Flat Pakistani Astronaut. First Female Virgin Galactic Founder Astronaut! And many more Firsts! ✨????✨ pic.twitter.com/yliUjwtQOB
— Namira Salim (@namirasalim) October 6, 2023
ورجن گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن گزشتہ روز نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔
اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت 3 سیاحوں نے سفر کیا جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی اسپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود تھے۔
نمیرا سلیم نے خلا پر روانگی سے قبل نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی جس میں انہوں نے اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نمیرا سلیم 21 اپریل 2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔
اس کے علاوہ نمیرا سلیم پاکستان کی پہلی خاتون بھی ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
خیال رہے کہ ورجن گیلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس پرواز میں عام سیاح سوار نہیں تھے بلکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔
بعد ازاں اگست میں اس کمپنی نے سیاحوں کیلئے پہلی خلائی پرواز کو خلا میں روانہ کیا تھا، جبکہ ستمبر میں بھی ایک پرواز سیاحوں کو خلا میں لے کر گئی۔ یہ اس کمپنی کی مجموعی طور پر چوتھی کمرشل خلائی پرواز ہوگی۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006 میں نمیرا سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا اور 2011 میں انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








