آزاد کشمیر کا سابق ٹیکسی ڈرائیور شوکت علی مانچسٹر کا لارڈ میئر بن گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

شوکت علی
(فوٹو: بی بی سی)

آزاد کشمیر کے گاؤں بٹلی سے تعلق رکھنے والے سابق ٹیکسی ڈرائیور شوکت علی نے مانچسٹر کے 128ویں لارڈ میئر کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے، جسے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک نمایاں اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل شوکت علی کی حلف برداری کی تقریب میں سیاسی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور کمیونٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شوکت علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ان کی زندگی کے سب سے زیادہ جذباتی اور یادگار تجربات میں سے ایک ہے۔

مانچسٹر کے نئے لارڈ میئر نے بتایا کہ وہ صرف 16 برس کی عمر میں بہتر مستقبل کی تلاش میں مانچسٹر منتقل ہوئے تھے اور بدقسمتی سے ان کی والدہ حلف برداری سے ایک روز قبل وفات پا گئی تھیں، جس کے باعث وہ اس اہم دن پر اپنی والدہ کی موجودگی سے محروم رہے۔

سال 1965 میں پاکستان میں پیدا ہونے والے شوکت علی نے ابتدائی دور میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں ملازمت کی، بعد ازاں فرنیچر کے کاروبار اور ایک چھوٹے فوڈ آؤٹ لیٹ سے بھی وابستگی اختیار کی۔ وہ کئی سال تک مانچسٹر میں بطور لائسنس یافتہ ٹیکسی ڈرائیور بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

اسی عرصے کے دوران انہوں نے شام کے اوقات میں انگریزی زبان سیکھی اور بعد میں سٹی کالج مانچسٹر سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ڈپلومہ حاصل کیا، جس نے ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں ترقی کے نئے راستے کھول دیے۔

یاد رہے کہ میرپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد برطانیہ کی سیاست میں نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔ میرپور کے علاقے سماہنی سے تعلق رکھنے والے محمد یاسین برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ کئی کشمیری خواتین بھی سیاسی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کرچکی ہیں۔

Related Posts