حزب اختلاف کی ساری جماعتیں ایک طرف اور پیپلزپارٹی دوسری جانب ہے،مولانا فضل الرحمان

تازہ ترین

تازہ ترین

حزب اختلاف کی ساری جماعتیں ایک طرف اور پیپلزپارٹی ایک طرف ہے،مولانا فضل الرحمان
حزب اختلاف کی ساری جماعتیں ایک طرف اور پیپلزپارٹی ایک طرف ہے،مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اور استعفوں کے معاملے پر اپوزیشن کی ساری جماعتیں ایک طرف اور پیپلزپارٹی ایک طرف ہے۔ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے عبدالغفور حیدری کو 10 ووٹ کم ملنے کا حساب مانگ لیا۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کا مشترکہ اجلاس مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے دیں گے مگر نواز شریف کی وطن واپسی پر۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف پہلے وطن واپس آئیں پھر استعفوں کی بات کی جائے۔ اگر لڑنا ہے تو سب کو مل کر لڑنا ہے اگر جیل بھی جانا پڑا تو سب اکٹھے جیل جائیں گے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جس سے ہماری راہیں جدا ہو جائیں، اگر ایسا ہوا تو جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے دینے کا مطلب عمران خان کو مضبوط کرنا ہے ، ہم پہاڑوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں رہ کر بہتر انداز میں لڑ سکتے ہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی گفتگو پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اب تک ہم نے ساری باتیں آپ کی مانیں اب آپ کو باقی جماعتوں کی رائے کو بھی اہمیت دینا ہوگی، تمام جماعتیں لانگ مارچ اور استعفوں کے معاملے پر متفق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم لانگ مارچ کرے یا شارٹ، وزیرِاعظم عمران خان رہے گا۔فردوس عاشق اعوان

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر برہمی اظہار کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عبدالغفور حیدری کو جو 10 ووٹ کم ملے ان کا حساب دیا جائے۔ اور یہ بھی بتایا جائے کہ حکومتی امیدوار کو پڑنے والے ووٹوں کا کون ذمے وار ہے؟۔

لانگ مارچ اور استعفوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 9 جماعتیں ایک طرف اور پیپلز پارٹی دوسری طرف ہے، اس لیے سمجھتا ہوں کہ پیپلز پارٹی صرف اپنی جماعت کو نہیں ساری اپوزیشن جماعتوں کے موقف کو سامنے رکھے۔

اجلاس کے دوران آصف علی زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز شریف شکوہ کیا ، کہا کہ آصف علی زرداری صاحب آپ نے جو گفتگو کی مجھے اس پر دکھ ہوا۔ اس لیے آپ کو باپ کا درجہ دے کر گلہ کرنا اپنا حق سمجھتی ہوں۔ آپ ضمانت دیں کہ میرے والد کی زندگی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا، میرے والد میاں محمد نواز شریف نے میرے ساتھ درجنوں پیشیاں بھگتی ہیں۔

Related Posts