لاہور: اسپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر گفت و شنید کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ روز ضمنی انتخابات میں ہونے والی ہار کے بعد اراکینِ اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی وزارتِ اعلیٰ کے مضبوط امیدوار بن گئے۔
رواں ماہ 22 جولائی کو پرویز الہٰی وزیراعلیٰ بن جائینگے، اسد عمر
آج سہ پہر 3 بجے ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور وزیر اعلیٰ کے انتخاب سمیت دیگر امور پر غور و خوض ہوگا۔ اجلاس سے قبل پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس بھی ہوں گے۔
پارلیمانی پارٹی اجلاسوں کے دوران نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر چوہدری پرویز الٰہی کے نام پر متفق سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی اور ق لیگ صوبائی اسمبلی میں نئی سیاسی حکمتِ عملی اپنانے پر تبادلۂ خیال کریں گی۔ نئے اراکینِ اسمبلی کو خوش آمدید بھی کہا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریکِ انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے دوران 20 میں سے 15 حلقوں پر میدان مار لیا جس کے بعد پرویز الٰہی کے بطور وزیر اعلیٰ انتخاب کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








