ایوانِ بالا کا اجلاس، توشہ خانہ سے تحائف وصولی پر پابندی عائد،سینیٹ میں بل منظور

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران توشہ خانے سے تحائف وصولی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ سینیٹ نے بل منظور کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایوانِ بالا کے اتوار کو ہونے والے اجلاس میں توشہ خانہ مینجمنٹ اینڈ ریگولیشن بل 2023 ایک شق کے اضافے کے ساتھ منظور کیا گیا جس کے تحت صدر اور وزیر اعظم سمیت کوئی بھی سرکاری عہدیدار توشہ خانہ سے تحائف وصول نہیں کرسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:

صدر، وزیر اعظم، سیاسی قیادت کی باجوڑ دھماکے کی مذمت

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوانِ بالا کے اجلاس کی صدارت کی جس میں منظور کیے جانے والے بل کے تحت توشہ خانہ تحائف سے حاصل ہونے والی رقم کو الگ اکاؤنٹ میں رکھا جائے گا جو دُور افتادہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ ہوگی۔

بل میں کہا گیا کہ صدرِ مملکت، وزیر اعظم اور تمام عوامی عہدیداران تحائف وصول نہیں کرسکیں گے، جمع ہونے والے تحائف عوامی نیلامی کے ذریعے فروخت کیے جائیں گے جبکہ وصول کنندگان قدیم اشیا اور گاڑیاں خریدنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

توشہ خانہ مینجمنٹ اینڈ ریگولیشن بل کے تحت نوادرات عجائب گھروں میں یا سرکاری عمارات میں ڈسپلے کیے جائیں گے۔گاڑیاں پہلے توشہ خانے میں جمع کرائی جائیں گی اور پھر کابینہ ڈویژن کے ٹرانسپورٹ پروٹوکول پول میں منتقل کردی جائیں گی۔

تحائف وصولی کی اطلاع نہ دینے پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ بل کا اطلاق چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، اراکینِ پارلیمنٹ، وفاقی کابینہ، مشیروں اور معاونینِ خصوصی کے علاوہ صوبائی اسمبلیوں کے عہدیداران پر بھی ہوگا۔ 

Related Posts