کراچی: سینئر نائب صدر پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریکِ انصاف اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ساتھ مزید نہیں چل سکتا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تحریکِ انصاف کی انتخابی مہم جاری ہے۔ اس دوران مختلف علاقوں سے نکلنے والی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عارف علوی کے بیٹے کو ٹکٹ دینے سے انکار کردیا۔
خطاب کے دوران شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پی ٹی آئی اور صدرِ مملکت کا ساتھ مزید چل سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ڈھول، باجے اور بینگن سمیت انتخابی نشانات دے کر انتہا کردی۔ یہ سب ہم 8فروری کو سود سمیت واپس کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ ضمانتیں ہوجاتی ہیں، ہمارے رہنماؤں کو رہائی نہیں دی جاتی۔ عمران خان کے خلاف درج کیسز کی تعداد 202 تک پہنچ گئی۔ ملک بھر میں لوگ بڑی تعداد میں گھروں سے نکلے ہیں۔ کراچی میں بھی جوش و ولولہ نظر آرہا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم سندھ میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں، حامد خان، رؤف حسن اور اب ڈاکٹر عارف علوی کا بیان کچھ لوگوں کی تکلیف کا عکاس ہے۔ انہوں نے پہلے بھی میرے خلاف بیانات دئیے، جن کی عمران خان سے شکایت کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








