کلاشنکوف اور منشیات نے پاکستان کو تباہ کردیا۔چیف جسٹس

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کلاشنکوف اور منشیات نے پاکستان کو تباہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چوری کے الزام میں گرفتار ملزم کاشف کی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان سے کلاشنکوف کلچر ختم کرنا ہوگا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جس کے گھر سے اسلحہ چوری ہوا، پولیس نے اس سے لائسنس کا نہیں پوچھا۔ مالک نے خود اقرار کیا کہ 2 کلاشنکوف اور 1 پستول سمیت قیمتی چیزیں چوری ہوئیں۔ مجھے بھی کلاشنکوف لائسنس کی آفر ہوئی تھی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی کوئی شخص کالے شیشے لگا کر بڑی بڑی گاڑیوں میں کلاشنکوف لے کر نہیں گھومتا، یہ کلچر صرف پاکستان میں ہے۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس کلاشنکوف کہاں سے آئی؟

درخواست گزار سے مکالمے کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی کلاشنکوف کے کاغذات ایسے دے رہے ہیں تو کیوں نہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے؟سیکریٹری داخلہ کو لکھتے ہیں کہ تمام کلاشنکوف اور ان کے لائسنس واپس کیے جائیں۔ 

Related Posts