لاہور: جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر بار بار حکمرانی کرنے والی جماعتوں نے عوام کو مایوسی اور محرومی دی جبکہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حکومتوں نے عالمی ایجنڈے کو فروغ دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حکومتیں این آر او کی بنیاد پر قائم ہوئیں۔ معیشت کی تباہی کے بعد معاشرے کو مغرب زدہ کیا جارہا ہے۔
ٹرانس جینڈر ایکٹ تباہ کن، ترامیم منظور کرنی پڑینگی۔سراج الحق
گفتگو کے دوران سراج الحق نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کی ناکام پالیسیوں اور نااہلی کے باعث پاکستان نسل در نسل سودی قرض کی دلدل میں پھنستا چلا گیا۔ مہنگائی عوام کا جینا دوبھر کرچکی۔ لاکھوں نوجوان پاکستانی بے روزگاری اور برے حالات سے مایوس ہیں۔
امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ہزاروں نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ملک کو آگے بڑھانا ہے تو طاقتور کا احتساب کرتے ہوئے قانون کی بالادستی قائم کرنا ہوگی۔ 70 سال سے پاکستان کے وسائل بے دردی سے لوٹے جارہے ہیں۔ ماضی کی حکومتیں ڈلیور نہیں کرسکیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ معاشرے کیلئے تباہ کن ہے، ہم نے ترامیم تجویز کیں جو حکومت کے باپ کو بھی منظور کرنی پڑیں گی۔
آج سے 3 روز قبل منصورہ لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم ہاؤس کی حفاظت نہیں کی جاسکتی تو قومی رازوں کی حفاظت کیسے ممکن ہے؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








